دکی: کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے کانکن جاں بحق

50

بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلہ کان کے اندر مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق دکی کی ایک مقامی کوئلہ کان میں جمعرات کے روز کانکن معمول کے مطابق کام میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن ملبے تلے دب گیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق ملبے تلے دبنے والے کانکن کی شناخت اسماعیل کے نام سے ہوئی ہے، جو حادثے میں جانبحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے کانکن کی نعش ملبے تلے سے نکال لی اور اسے ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے کوئلہ کانوں میں حادثات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں کانکن مٹی کے تودے گرنے، کان بیٹھنے اور زہریلی گیس بھرنے سمیت مختلف حادثات کا شکار ہوتے رہے ہیں۔

دکی سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کوئلہ کانوں کے حادثات میں کانکنوں کی ہلاکتیں معمول بن چکی ہیں، پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مطابق 2025 کے دوران بلوچستان میں مختلف کان کنی حادثات میں کم از کم 89 کانکن جانبحق ہوئے تھے۔

بلوچستان کے کوئلہ کانوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث ایسے حادثات پر کانکنوں کی تنظیمیں اور مزدور نمائندے مسلسل تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔