ضلع کیچ کے تحصیل تمپ بالیچاہ کے علاقے لتھم کے پہاڑی پکنک پوائنٹ پر چار مقامی نوجوانوں کو ایک پاکستانی ڈرون حملے میں ہلاک کیے جانے کے خلاف مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر جمعرات کو مکران ڈویژن میں وکلا نے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا جس کے باعث عدالتوں میں مقدمات کی پیروی متاثر ہوئی اور سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وکلا کے مطابق مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر تربت، گوادر، پنجگور اور پسنی میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے اور کسی بھی عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لیا۔ وکلا کے بائیکاٹ کے باعث مختلف مقدمات میں پیشی کے لیے عدالتوں کا رخ کرنے والے سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد مقدمات کی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔
مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور مختلف بار ایسوسی ایشنز نے سانحہ بالیچاہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پکنک کے لیے لتھم کے پہاڑی مقام پر جانے والے چار مقامی نوجوانوں کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جو انتہائی افسوس ناک اور تشویش ناک واقعہ ہے۔
وکلا تنظیموں نے واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرانے، ذمہ دار افراد کا تعین کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


















































