جھل مگسی: حکومتی سرپرستی میں امن فورس (ڈیتھ اسکواڈ) تشکیل

36

جھل مگسی میں سرکاری سرپرستی میں امن فورس کے قیام کے لیے گنداواہ میں جرگہ منعقد کیا گیا۔

جرگے کی صدارت رکنِ اسمبلی سندھ میر نادر خان مگسی نے کی، جبکہ اس موقع پر جعفر خان مگسی اور رکنِ اسمبلی بلوچستان میر زرین خان مگسی بھی موجود تھے۔

جرگے میں ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ، پاکستانی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل عاصم خان، ایس پی جھل مگسی رحمت اللہ درانی اور دیگر سرکاری نمائندے بھی موجود تھے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، اس جرگے میں ایک امن فورس یعنی “ڈیتھ اسکواڈ” تشکیل دی گئی ہے، جسے جدید اسلحے سے لیس کرکے علاقے میں سرکاری اور عسکری املاک کے تحفظ کے لیے تعینات کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں اس سے قبل بھی سرکاری سرپرستی میں امن فورسز قائم کی گئی ہیں، جن پر بدامنی، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم کے ساتھ ساتھ سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ اور جبری گمشدگیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔