کوئٹہ سیشن کورٹ پر خودکش حملے کا تھریٹ الرٹ جاری

36

محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے کوئٹہ کی سیشن کورٹ سمیت عدالتوں کے لیے مبینہ خودکش حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ایک سینیئر وکیل کے مطابق محکمہ داخلہ نے عدالتوں، ججز اور وکلا کو ارسال کیے گئے مراسلے میں ممکنہ حملے کے خدشے کے پیش نظر غیر معمولی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وکلا کے مطابق مراسلے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی فدائی ونگ مجید بریگیڈ سے تعلق رکھنے والا مبینہ خودکش حملہ آور “حوران” اپنے ساتھیوں سمیت کوئٹہ پہنچ چکا ہے اور سریاب کے علاقے میں موجود ہے جہاں سے وہ کسی بھی وقت سیشن کورٹ یا دیگر عدالتی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

دوسری جانب بعض وکلا نے اس تھریٹ الرٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اسے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج مبین علی کے لیے ہمدردی پیدا کرنے اور ان کی ممکنہ ترقی یا اعلیٰ عدلیہ میں تعیناتی کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

ان وکلا کا کہنا ہے کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جج مبین علی کو بعض مقدمات خصوصی طور پر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ کے کیسز میں عمر قید دیے جانے کے فیصلوں کے باعث خطرات لاحق ہیں۔