بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر اور ضلع نوشکی میں مسلح افراد کی جانب سے حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ڈھاڈر میں پاکستانی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید جھڑپ کے نتیجے میں کم از کم دو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ واقعے کے دوران مسلح افراد نے ڈھاڈر میں قائم نادرا آفس کو بھی آگ لگا دی، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ضلع نوشکی میں بھی نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے نوشکی مل تھانے پر حملے کی اطلاع ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا ہے، جسے فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کر دیا گیا ہے۔
تاحال کسی سرکاری ادارے کی جانب سے مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں اور ناہی جانی و مالی نقصانات کی تصدیق کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس نوعیت کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں جہاں بلوچ آزادی پسند مرکزی شاہراہوں اور علاقوں کا کنٹرول سنبھالتے رہے ہیں۔



















































