بلوچستان: بچے میں پولیو کی تصدیق، تعداد 13 ہوگئی

93

ضلع قلعہ عبداللہ کا 11 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوگئی ، جس کے بعد رواں سال خطرناک وائرس سے متاثرین کی تعداد 13 تک جا پہنچی ہے۔

انسداد پولیو لیبارٹری کے مطابق بچے میں معذوری کی علامات 17 جولائی کو ظاہر ہوئیں ۔

اس سے قبل بلوچستان میں 9 اور سندھ میں 2 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ادارہ صحت کے نمائندہ نے کہا تھا کہ تازہ ترین کیس میں وائرس کے مخصوص کلسٹر کی شناخت ابھی باقی ہے کیونکہ اس کی جینیاتی ترتیب ابھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ تازہ ترین پولیو کا شکار ہونے والے بچے کی عمر 6 سال سے زائد ہے، جب کہ رواں سال میں ابھی 5 ماہ باقی ہیں اور گزشتہ سال کے 6 کیسز کے مقابلے میں رواں سال اب تک 12 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملک میں پولیو کی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ پولیو ایک انتہائی متعدی بیماری ہے جو پولیو وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے، جو بنیادی طور پر 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتی ہے، وائرس اعصابی نظام پر حملہ کرتا ہے اور فالج یا موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔اس وائرس کا کوئی علاج نہیں ہے، لیکن ویکسینیشن سب سے مؤثر تحفظ ہے، ہر امیونائزیشن وائرس کے خلاف بچے کے دفاع کو بڑھاتی ہے، بار بار لگائی جانے والی ویکسین نے دنیا بھر میں لاکھوں بچوں کی حفاظت کی ہے، جس سے پاکستان اور افغانستان کے علاوہ تقریباً تمام ممالک پولیو سے پاک ہو گئے ہیں۔