کوئٹہ تفتان، تجارتی روٹ پر دو مختلف واقعات اور پاکستانی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی اطلاعات

1

بلوچستان میں کوئٹہ تفتان تجارتی روٹ پر مسلح افراد کی جانب سے دو مختلف کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں مستونگ کے علاقے کردگاپ میں ایک تجارتی گاڑی کو تحویل میں لینے اور تجارتی گاڑیوں کے ایک قافلے کو مسلح حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ خاران کے علاقے دالی میں پاکستانی فورسز کی گاڑیوں کے قافلے پر بھی مسلح حملے کی اطلاع ہے۔

ذرائع کے مطابق کوئٹہ تفتان شاہراہ پر پیش آنے والے پہلے واقعے میں مسلح افراد نے مستونگ کے علاقے کردگاپ کے قریب ایک لوڈ تجارتی گاڑی کو روک کر اپنی تحویل میں لے لیا۔

اسی روٹ پر ایک دوسرے واقعے میں مسلح افراد نے تجارتی گاڑیوں کے ایک قافلے کو مسلح حملے کا نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب تجارتی گاڑیوں کا قافلہ شاہراہ سے گزر رہا تھا۔ حملے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی حتمی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔

دوسری جانب خاران کے علاقے دالی میں پاکستانی فورسز کی گاڑیوں کے ایک قافلے پر بھی مسلح افراد کی جانب سے حملے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آوروں نے فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا، تاہم حملے کے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ تفتان شاہراہ بلوچستان میں تجارت اور آمدورفت کے لیے ایک اہم زمینی راستہ ہے، جہاں سے ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے لیے بڑی تعداد میں مال بردار گاڑیاں گزرتی ہیں۔ حالیہ دنوں میں بی ایل اے کی جانب سے بلوچستان کے شاہراہوں پہ کنٹرول اور معاشی ناکہ بندی کا اعلان کیا جاچکا ہے جس کے بعد بلوچستان کی شاہراہوں پہ بدستور حملے جاری ہیں۔