بلوچستان کے مختلف علاقوں میں متعدد حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہوشاپ میں پاکستانی فورسز چوکی پر نصب نگرانی کے کیمروں کو مسلح حملے میں تباہ کردیا گیا، جبکہ ہوشاپ زیرو پوائنٹ پر پولیس چوکی کے نگرانی کیمروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب ضلع قلات کے علاقے بدرنگ میں پاکستانی فوج کے ایک کیمپ پر حملے کی اطلاعات ہیں، جہاں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ہوشاپ میں قائم مین فورسز چوکی پر مسلح افراد نے حملہ کرتے ہوئے نگرانی کے لیے نصب کیمروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد کیمرے تباہ ہوگئے۔ حملہ آور کارروائی کے بعد موقع سے نکل گئے۔
اسی دوران ہوشاپ کے زیرو پوائنٹ پر واقع پولیس چوکی بھی حملے کی زد میں آئی۔ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے چوکی پر نصب نگرانی کے کیمروں کو تباہ کردیا۔
دوسری جانب ضلع قلات کے علاقے بدرنگ میں پاکستانی فوج کے ایک کیمپ پر حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملے کے دوران شدید فائرنگ اور متعدد دھماکوں کی آوازیں دور تک سنی گئیں۔ تاحال حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔













































