بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ڈبک اور نیودیھات گیبن سے تین افراد کے جبری گمشدگی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق تینوں افراد کو 15 جولائی 2026 کو مختلف اوقات میں حراست میں لیے جانے کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں لقمان ولد ممتاز سکنہ نیودیھات گیبن، عابد ولد جاوید سکنہ ڈبک کیچ اور نوروز ولد محمد علی سکنہ ڈبک کیچ شامل ہیں۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ لقمان ایک کرکٹر ہیں جبکہ عابد بام اسکول میں بطور استاد خدمات انجام دے رہے تھے۔ خاندانوں کے مطابق انہیں پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا، جس کے بعد سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہو سکا اور نہ ہی ان کی موجودگی کے بارے میں کوئی سرکاری معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
متاثرہ خاندانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ان افراد پر کوئی الزام یا مقدمہ موجود ہے تو انہیں قانونی طریقہ کار کے تحت عدالت میں پیش کیا جائے، جبکہ اگر وہ کسی جرم میں ملوث نہیں تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔


















































