شارجہ سے کراچی آنے والی کارگو پرواز اورماڑہ کے قریب لاپتہ ہونے کی اطلاعات

275

شارجہ سے کراچی آنے والی نجی فضائی کمپنی کے ٹو ایئرویز کی ایک کارگو پرواز کے اورماڑہ کے قریب لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم اس حوالے سے تاحال کسی سرکاری ادارے یا سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کارگو طیارہ کراچی سے تقریباً 300 کلومیٹر دور اورماڑہ کے ساحلی علاقے کے قریب پرواز کے دوران رات 9 بج کر 32 منٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطے سے محروم ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رابطہ منقطع ہونے سے قبل طیارے کے عملے نے نیویگیشن سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طیارہ اورماڑہ کے گہرے سمندر میں گر گیا ہو، جس کے بعد ممکنہ مقام کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ تاہم اس حوالے سے کسی حادثے یا طیارے کے ملبے کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔

واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور ممکنہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بارے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی، متعلقہ فضائی کمپنی اور دیگر حکام کے باضابطہ مؤقف کا انتظار کیا جا رہا ہے