فیفا ورلڈ کپ: آسٹریا، ارجنٹینا، فرانس اور ناروے کی شاندار فتوحات

1

فیفا ورلڈ کپ کے مختلف میچوں میں آسٹریا، ارجنٹینا، فرانس اور ناروے نے اپنے اپنے حریفوں کو شکست دے کر ایونٹ میں کامیاب آغاز کیا۔

آسٹریا نے اردن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ آسٹریا کی جانب سے پہلا گول اسکمڈ نے کیا جبکہ دوسرا گول یزان العرب کے اون گول کی بدولت حاصل ہوا۔ تیسرا گول مارکو نے اسکور کیا۔ اردن کی جانب سے واحد گول علی الوان نے کیا۔

ایک اور میچ میں ارجنٹینا نے الجزائر کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17ویں، 60ویں اور 76ویں منٹ میں گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ میسی کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ورلڈ کپ میں 27 میچوں میں 16 گول کرچکے ہیں اور جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے سب سے زیادہ گول کرنے کے ریکارڈ کی برابری کرلی ہے۔

نیو جرسی میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز مقابلے میں فرانس نے سینیگال کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں۔ دوسرے ہاف میں 66ویں منٹ پر کیلیان ایم باپے نے فرانس کو برتری دلائی، جبکہ 82ویں منٹ میں بریڈلے بارکولا نے دوسرا گول کرکے برتری دگنی کردی۔ انجری ٹائم میں ابراہیم بایئے نے سینیگال کے لیے گول اسکور کرکے مقابلہ 2-1 کردیا، تاہم آخری لمحات میں ایم باپے نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے فرانس کی 1-3 سے کامیابی یقینی بنادی۔

ادھر بوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں ناروے نے عراق کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ ناروے کے اسٹار فارورڈ ایرلنگ ہالینڈ نے دو گول اسکور کیے۔ ہالینڈ نے 29ویں اور پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ عراق کی جانب سے ایمن حسین نے ایک گول اسکور کیا، تاہم دوسرے ہاف میں اوسٹی گارڈ کے گول اور عراق کے ایک اون گول کی بدولت ناروے نے 1-4 سے کامیابی حاصل کرلی۔