پنجگور: 21 سالہ ڈرائیور 66 روزہ جبری گمشدگی کے بعد قتل۔ بی وائی سی

3

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا ہے کہ محسن، ولد مسلم، 21 سالہ محنت کش ڈرائیور سکنہ پروم، ایک غریب گھرانے سے تھا اور اپنے گھر کا واحد سہارا اور امید تھا۔

بی وائی سی نے کہاکہ 16 مارچ 2026 کو اسے پروم، پنجگور میں جیرک کراسنگ پوائنٹ سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔ 66 دن تک اس کا خاندان خوف اور بے یقینی کی حالت میں اس کی واپسی کا انتظار کرتا رہا۔ تاہم عید کے دنوں میں اس کی لاش کلگ کور، پروم سے برآمد ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے اسے حراست کے دوران جبری طور پر لاپتہ کیا اور بعد ازاں اسے قتل کیا۔

مزید کہاکہ یہ تسلسل بغیر ایف آئی آر لوگوں کو اغوا کرنا، انہیں عدالتوں میں پیش کیے بغیر جبری گمشدگی میں رکھنا، اور بعد میں ان کی لاشیں واپس کرنا، بلوچستان میں انصاف اور انسانی حقوق کے حوالے سے شدید خدشات کو جنم دیتا ہے۔ مائیں آج بھی دروازوں پر بیٹھی انتظار کرتی ہیں، باپ خاموش غم میں ڈوبے ہیں، اور بہن بھائی ایسے سوالوں کے جواب ڈھونڈ رہے ہیں جو کبھی نہیں ملتے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی ان جاری جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور بلوچ نوجوانوں کو نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتی ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوام متحدہ اور تمام انسانی حقوق کے محافظوں سے فوری اپیل کرتی ہے کہ وہ ان خلاف ورزیوں کو روکنے اور بلوچستان میں معصوم جانوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔