مستونگ اور زامران میں فوجی آپریشن، مسلح جھڑپیں

222

بلوچستان کے علاقے مستونگ اور زامران میں آج صبح سے پاکستانی فوج کی آپریشن جاری ہے، گن شپ ہیلی کاپٹروں سمیت ڈرون طیارے آپریشن کا حصہ ہیں جبکہ مسلح جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

مستونگ کے علاقے دشت، کمبیلا میں آج پاکستانی فوج نے علاقے کو گھیرے میں لیکر آپریشن کا آغاز کیا۔ اس دوران فورسز کو حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آواز سنی گئی۔

دریں اثناء زامران کے علاقے نوانو اور گردنواح میں آج صبح گن شپ ہیلی کاپٹروں اور ڈرون طیاروں کی پروازیں دیکھی گئی ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق فورسز علاقے میں آپریشن کررہی ہے۔

خیال رہے گذشتہ روز زامران کے اسی علاقے میں پاکستان فوج کیلئے راشن لیجانے والی دو گاڑیوں کو مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنانے کے بعد نذرآتش کردیا تھا۔

فوجی آپریشنوں کے حوالے سے حکام نے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔