اسلام آباد نے بلوچستان کو پاکستان سمجھا ہی نہیں۔ آصف زرداری

452

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد نے بلوچستان کو پاکستان سمجھا ہی نہیں مگر ہمارے لیے پہلے بلوچستان ہے اور باقی صوبے بعد میں۔

انتخابی مہم کے سلسلے میں تربت میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ بلوچستان کو پاکستان نے سمجھا ہی نہیں، اسلام آباد نے اسے سمجھا ہی نہیں وہ سندھ کو پنجاب کو اور کے پی کے کو نہیں سمجھتا، مجھے پختونوں نے نہیں کہا کہ مجھے نام دو مگر مجھے پتا تھا کہ ان کی خواہش ہے، انہیں نام دینا ہمارا قصور نہیں فخر ہے اگر جرم ہے تو ہم مزید جیل کاٹ لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کا دور ہے سب کی خواہش ہے ہم اقتدار میں آئیں مگر پی پی کی اقتدار میں آنے کی خواہش عوام کی خدمت کے لیے ہے ہم پر بھٹو اور بی بی شہید کا قرض باقی ہم پاکستان اور بلوچستان کو بنائیں گے ہمارے لیے پہلے بلوچستان ہے اور باقی صوبے بعد میں ہیں، اس لیے کہ یہاں کے جوانوں اور لڑکوں کوبھلادیا گیا ہے میں چاہتا ہوں وہ واپس آئیں ہم ان کی خدمت کریں گے یہ دوسرے ملک ہمیں نہیں پال سکتے ہمیں خود کو خود چلانا ہوگا۔

انہوں نے بلوچستان کے نوجوانوں کو
مخاطب کیا کہ ہم بلوچستان کے ہر ڈسٹرکٹ میں یونیورسٹی اور کالج بنائیں گے، میڈیکل کالجز اور میڈیکل یونیورسٹی و اسپتال بنائیں گے عوام کی طاقت کے زور سے یہ کام ہوگا عوام میرا ساتھ دیں تو میں سب کو سنبھال لوں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں بہت وسائل ہیں اس میں آگے بڑھنے کی بہت گنجائش ہے ۔بلوچستان کے لوگوں سے درخواست ہے کہ ملک کو بچانے کے لیے آگے آئیں۔

مقامی صحافی کے مطابق ورکرز کنونشن میں بلوچستان بھر سے چھ سو افراد شریک رہیں ۔