ریاست بلوچ شہریوں کے زندگی، آزادی اور معین طریقہ کار کے حق کا تحفظ کرے ۔ ایچ آر سی پی

94

ہیومن راٹس کونسل آف پاکستان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم ڈیرہ غازی خان میں پرامن مظاہرین کے خلاف ریاست کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تربت سے اسلام آباد لانگ مارچ کے شرکاء پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اوران کے کئی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ مقامی کارکنوں کو گرفتار کر کے ان کے کیمپ کو مسمار کر دیا ۔

‏لانگ مارچ کا انعقاد بلوچستان میں ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا گیا ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ریاست بلوچ شہریوں کے زندگی، آزادی اور معین طریقہ کار کے حق کا اتنا ہی تحفظ کرے جتنا وہ دوسرے شہریوں کے حقوق کا کرتی ہے۔ طاقت کے ساتھ جواب دیتے ہوئے ریاست نے ایک بار پھر مظاہرین کے پرامن اجتماع کی آزادی کےحق، جس کی آئین میں ضمانت دی گئی ہے کی خلاف ورزی کی ہے ۔

‏انہوں نے کہاکہ گرفتارکیے گئے مظاہرین کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے اور لانگ مارچ کو اسلام آباد تک پرامن طور پر اور بلا روک ٹوک آگے بڑھنے دیا جائے۔