بلوچستان بھر میں زمینداروں کی پہیہ جام ہڑتال

183

زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف آج بلوچستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔ ہڑتال کے باعث مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطریں لگ گئی۔

اس سلسلے میں زمیندار ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ آج کے پہیہ جام ہڑتال کے بعد اگر بجلی بحال نہیں ہوئی تو 3 نومبر کو زمیندار ایکشن کمیٹی کے ایگزیکٹوز کا اجلاس ہوگا جس میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ اور ڈی چوک پر دھرنے سے متعلق لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ آج صبح 8 بجے سے لیکر شام 5 بجے تک مرکزی شاہراہیں بند رہیں گی، کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ ضلع پشین میں بوستان کراس، یارو، خانوزئی، ضلع قلعہ عبداللہ میں سید حمید کراس، کوئٹہ ژوب مرکزی شاہراہ قلعہ سیف اللہ میں قلعہ سیف اللہ بازار سبزی منڈی اور کان مہترزئی، اور خانوزئی کے مقام، کوئٹہ سکھر مرکزی شاہراہ کولپور، سبی کے ناڑی بینک پر بائی پاس، لورالائی روڈ، کوئٹہ کراچی شاہراہ ضلع مستونگ لک پاس اور منگچر، تفتان کوئٹہ روڈ نوشکی، کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ خضدار اور ڈیری فارم باب خاران کے مقام پر بند ہے۔

ان خیالات کااظہار زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی ،جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی، ایگزیکٹو ممبران اور دیگر  نے اپنے بیان میں کیا۔