کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے سامنے شکست کا سامنا

119

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 134 رنز کے بڑے مارجن سے شسکت دے دی، 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کینگروز 177 پر ڈھیر ہوگئے۔

لکھنو کے اٹل بہاری واجپائی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ دی۔ کپتان ٹیمبا بووما اور کوئنٹن ڈی کوک نے 108 رنز کی شراکت سے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا، بووما 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

وین ڈر ڈیوسن کے ساتھ ڈی کوک کی 50 رنز کی پارٹنر شپ بنی، ڈیوسن نے 26 رنز اسکور کیے، اس دوران ڈی کوک کا بلا چلتا رہا، وہ 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 108رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔

ایڈن مارکرم نے 56 رنز کی باری کھیلی، ہنرک کلاسین 29 رنز بنانے میں کامیاب رہے، مارکو جینسن اور ڈیوڈ ملر 43 رنز جوڑنے میں کامیاب رہے جس کے سبب جنوبی افریقا کا اسکور سات وکٹ پر 311 رنز تک پہنچا۔

آسٹریلیا کے میکس ویل اور اسٹارک کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی وکٹیں وقفے وقفے سے مسلسل گرتی رہیں۔ مارنوس لبوشین 46 اور مچل اسٹارک 27 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پیٹ کمنز 22، اسٹیو اسمتھ 19 اور ڈیوڈ وارنر نے 13، مچل مارش 7، جوش انگلس اور گلین میکسویل 5 ،5 رنز بناسکے۔

میچ میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز اور جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت ٹیمبا باووما نے کی۔

اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ٹیمبا باووما نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، کوئٹزی کی جگہ تبریز شمسی کو شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر پیٹ کمنز نے کہا کہ جنوبی افریقا پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں 2 تبدیلیاں کرتے ہوئے مارکس اسٹوئنس اور جوش انگلس کو شامل کیا ہے۔

پیٹ کمنز نے بتایا کہ کیمرون گرین اور ایلکس کیری کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنا ہمیشہ چیلنج ہوتا ہے۔

دونوں ٹیموں کا اس ورلڈ کپ میں یہ دوسرا میچ ہے۔ آسٹریلیا کو پہلے میچ میں شکست ہوئی تھی جبکہ جنوبی افریقا نے اپنا پہلا میچ جیتا تھا۔