مستونگ: گیس بندش کے خلاف احتجاج

274

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گیس پریشر میں کمی اور بندش کیخلاف علاقہ مکینوں نے جنگل کراس کے مقام پر کوئٹہ، کراچی شاہراہ کو بلاک کر کے احتجاج کیا۔

جس کے سبب ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق مستونگ کے علاقے کلی ہزار خان کلی تیری اور گرد نواح کے مکینوں نے شدید سردی میں گیس پریشر میں کمی اور بندش کیخلاف شاہراہ کو بند کر کے دھرنا دیا جس سے ہرقسم کی ٹریفک معطل ہو گئی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ گیس کی کمی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے شہری سردی سے بچنے اور گھریلو استعمال کیلئے باغات و جنگلات کو کاٹ کر اپنی ضرورت پوری کر رہے ہیں جسکی وجہ سے باغات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام گیس پریشر میں کمی اور بندش کا نوٹس لے کر گیس کی بلا تعطل فراہمی کو ممکن بنائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں، اگر یہی روش برقرار رہی تو ہم شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا پر امن احتجاج ختم کر دیا اور منتشر ہو گئے جبکہ روڈ کو ٹریفک کی بحالی کیلئے کھول دیا۔