زولخان ریاستی اداروں کی سرپرستی میں اغواء برائے تاوان میں ملوث ہے- کیچ آل پارٹیز

435

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں آل پارٹیز کا ہنگامی اجلاس پیر کے روز پی این پی عوامی کے ضلعی دفتر میں منعقد ہوا- جس میں گزشتہ روز پولیس کی طرف سے بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان میں ملوث شخص کی گرفتاری کے ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ملزم کے گروہ کا سراغ لگانے اور اس گروہ کے سربراہ زولخان نامی شخص کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا-

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کنوینر خان محمد جان کی سربراہی میں ایک وفد نے ایس ایس پی کیچ بھرام خان مندوخیل سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں آل پارٹیز کیچ کے اجلاس کی روداد سے آگاہ کرتے ہوئے پولیس کو مذکورہ بھتہ خوری کے خلاف فوری کارروائی ان کے سرغنہ اور دیگر ساتھیوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا –

وفد نے کہا کہ مزکورہ گروہ کے سرغنہ زولخان کی گفتگو کے ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہیں جو ایک شخص کو اغوا کے بعد بھتہ طلب کررہا ہے-

انہوں نے کہاکہ مذکورہ سماج دشمن مافیا کے پیچھے براہ راست ریاستی ادارے ہیں، انہی کی ایما اور شئے پر یہ نہ صرف آزادانہ مسلح ہیں بلکہ اغواء برائے تاوان، چوری، ڈکیتی اور دیگر سماجی جرائم میں ملوث ہیں-

انہوں نے کہاکہ آل پارٹیز کیچ کی طویل سیاسی جدوجہد اور مزاحمت کے باعث حالات میں کافی بہتری آئی ہے، سرکاری حمایت یافتہ سماج دشمن گروہوں کو غیر مسلح بنانے کے لیے مختلف فورم پر آواز اٹھائی جس کا نتیجہ وقتی طورپر مثبت نکلا لیکن اب دوبارہ ایک سلسلہ شروع کیا گیا ہے، جس میں ریاستی اداروں کی سرپرستی کے ساتھ مسلح گروہ سرگرم ہوگئے ہیں۔

اغوا برائے تاوان کی ایک یہ کیس نہیں بلکہ تمپ میں بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ حال ہی میں ہوا تھا جو ریاستی اداروں کے لیے نیک نامی کا کسی طور پر باعث نہیں ہے-

انہوں نے کہاکہ آئی جی ایف سی اور آرمی چیف نے عوامی جرگہ منعقد کرکے لوگوں کو امن و امان اور غیر ریاستی جھتوں کی سرکوبی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس کے باوجود یہ عناصر سرگرم ہیں اور ان کو اداروں کی آشیرباد حاصل ہے، اگر ایسے عناصر کی روک تھام نہیں کی گئی اور حالات کو دوبارہ بد امنی، ڈر اور خوف کی جانب لیجایا گیا تو آل پارٹیز سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوگی۔

اس موقع پر ایس ایس پی کیچ نے آل پارٹیز کے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مزکورہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے پولیس نے جس شخص کو گرفتار کیا ہے اس سے تفتیش کے دوران کافی معلومات حاصل ہوئی ہیں اور ان کی روشنی میں پولیس مزید کارروائی کررہی ہے-

انہوں نے کہاکہ کسی مافیا کو قانون ہاتھ میں لینے اور سماج میں ڈر، خوف اور بد امنی کا ماحول پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، آل پارٹیز کیچ اگر پولیس کے ساتھ مل کر ایسے عناصر کے خلاف کھڑی رہے گی تو یہ بہت اچھی بات ہے انشاءاللہ جتنے گروہ اور عناصر ہیں بہت جلد ان کو حراست میں لیں گے۔