تربت: فورسز کے ہاتھوں ایک شخص حراست بعد لاپتہ

502

بلوچستان کے ضلع کیچ سے پاکستانی فورسز نے رات گئے چھاپہ مارکر ایک شخص کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔

مذکورہ شخص کو فورسز نے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت آبسر سے حراست میں لے کر لاپتہ کیا گیا ہے جسکی شناخت عارف ولد سفر کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص بالگتر چیری گڈگی کا رہائشی ہے جو اس وقت تربت آبسر میں رہائش پذیر ہے۔

مذکورہ شخص کو اس سے قبل بھی فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے جنہیں بعد ازاں چھوڑ دیا گیا اور ایک بار پھر کل انہیں حراست میں لیا گیا۔

خیال رہے کہ حالیہ ایک ہفتے کے دورانیہ میں ضلع کیچ سے فورسز نے متعدد افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔ جن میں ایک خاندان سے تعلق رکھنے والے چھ افراد شامل ہیں جنہیں تحصیل تمپ کے علاقے سرنکن سے حراست میں لیا گیا ہے۔

آج تمپ میں پاکستانی فورسز کی زیادتیوں کے خلاف کلاھو اور سرنکن میں عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ایف سی کیمپ کے سامنے دھرنا دیا۔

مظاہرین نے کہا کہ فورسز کے اہلکار آئے روز گھروں میں گھس کر لوگوں کو تنگ کرتے ہیں اور ان کے بچوں کو ماورائے آئین و قانون لاپتہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ رات بھی ایف سی کی بھاری نفری نے آکر ہمارے گھروں پر چھاپہ مارا اور اس دوران ہمارے چھ بچوں کو اٹھاکر لاپتہ کیا جن کے بارے میں ہمیں تاحال کوئی معلومات نہیں دی جارہی ہے۔