ڈیرہ مراد جمالی: ایم ایس سول ہسپتال کے خلاف شہری سڑکوں پر آگئے

468

درزی یونین کے صدر اللہ ڈتہ کی قیادت میں سول اسپتال ڈیرہ مراد جمالی کے ایم ایس اور ٹرامہ سینٹر عملے کے خلاف ڈیرہ مراد جمالی میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

احتجاجی ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتےہوئے اللہ والے چوک بے نظیر بھٹو پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوا جہاں ریلی کے شرکاء نے دھرنا دیکر احتجاج ریکارڈ کروایا اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس، ہسپتال و ٹراما سینٹر کے عملے کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔

درزی یونین کے صدر اللّٰہ ڈتہ، سنی تحریک کے رہنماء مولانا نواب دین ڈومکی، انجمن تاجران نصیر آباد کے سیکرٹری جنرل لیاقت علی چکھڑا، امداد مری، سید گل شاہ سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹراما سینٹر اور سول ہسپتال میں دوائیاں نا پید ہیں جبکہ ڈاکٹروں سمیت عملہ غائب رہتا ہے۔

انہوں نے کہا ویکسین تو موجود ہی نہیں، حادثات سے متاثرہ اور دیگر ایمرجنسی کے مریضوں کو بھی دوائیاں باہر سے لیکر آنے کا کہا جاتا ہے۔ ایم ایس سول ہسپتال اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کمشنر نصیر آباد ڈویژن اور سیکریٹری ہیلتھ سے سول ہسپتال کے حالت زار کے حوالے سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔