بلوچستان: بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سراپا احتجاج، شاہرائیں بلاک

401

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے گنہ کے رہائشیوں نے پیر کے روز علی الصبح علاقے میں بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ کو بند کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گنہ کے رہائشیوں نے بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر گنہ، کلاتک روڈ پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور روڈ کو ہرقسم کے ٹریفک کے لئے بند کیا۔

احتجاجی مظاہرین کے مطابق پچھلے کچھ دنوں سے ہمارے علاقے گنہ اور کلاتک کے بجلی کو کیسکو نے بلاوجہ کاٹ دیا ہے، جس سے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریکی میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ کیسکو سے تنگ آکر آج ہم نے احتجاجاً مین روڈ بلاک کردیا ہے۔

روڈ بلاک ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے اور دیگر علاقوں کو جانے والے کئی گاڑیاں احتجاج کے باعث اپنے منزل کو پہنچ نہیں سکے۔

وہاں بلوچستان کے ضلع نوشکی میں عوام کی بڑی تعداد نے احتجاج ریلی نکالتے ہوئے واپڈا ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا۔

زمیندار ایکشن کمیٹی اور آل پارٹیز کی جانب سے نوشکی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کی بڑی تعداد نے ریلی نکالی اور واپڈا ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔

اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے زمینداروں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے اور شہری بھی عذاب میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے سرکار جتنا بل لیتا ہے کم از کم ہمیں اتنی ہی بجلی دے۔

مظاہرین نے آئندہ چند دنوں میں مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں مکمل پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ بجلی ہمارا بنیادی حق اور ہم اسکی قیمت ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری زمینیں بنجر ہورہی ہیں جس سے ہمیں لاکھوں کے نقصانات اڑانے پڑتے ہیں۔

انہوں نے حکومت اور واپڈا سے اپیل کی کہ بجلی بلاوجہ لوڈشیڈنگ ختم کرکے زمینداروں اور شہریوں کو ذہنی اذیت سے بچایا جائے۔