مچھ: مذہبی شدت پسندوں کا حملہ، ہزارہ برادری کے 11 افراد جانبحق

708
File Photo

بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں مسلح افراد کے حملے میں گیارہ کانکن جانبحق اور دس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ مقتولین کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد مچھ کوئلہ فیلڈ میں کام کرنے والے کان کنوں کو اغواء کرکے قریبی پہاڑیوں میں لے گئے اور انہیں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 10 سے زائد کان کن زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں سے کئی کان کنوں کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں کو مچھ اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس، انتظامیہ اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔

حکام نے واقعے کے حوالے سے تاحال مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے جنہیں مبینہ طور پر مذہبی شدت پسندوں نے شناخت کے بعد قتل کیا ہے۔

خیال رہے بلوچستان میں اس سے قبل بھی مذہبی شدت پسندوں کی جانب سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جن میں اب تک ہزاروں افراد جانبحق ہوچکے ہیں۔

ہزارہ برادری پر حملوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں تاہم حکام کی یقین دہانی کے بعد احتجاج کو موخر کیا جاتا ہے،لیکن ان حملوں کا سلسلہ تاحال تھم نہیں سکا ہے۔