بلوچستان: فائرنگ و دیگر واقعات میں 6 افراد ہلاک، 4 زخمی

266

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فائرنگ اور دیگر واقعات میں مجموعی طور پر چھ افراد ہلاک دیگر چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صنعتی شہر حب آلہ آباد ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ایک شخص زخمی ہوا۔

واقعے میں ہلاک افراد کا تعلق سندھ کے شہر جیکب آباد سے ہے تاہم واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

دوسرے واقعے میں مستونگ میں کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ پر چمن ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے تحصیل کردگاپ کے علاقہ گرگینہ کے رہائشی غلام علی ولد علی دوست قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

کوئٹہ سریاب مل کے قریب فائرنگ سے خوش محمد ولد پسند خان، لیاقت ولد اکرم شاہ نامی دو نوجوان زخمی ہوگئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

حب ہی میں کنراج کے مقام پر پہاڑی تودا گرنے سے دو افراد دب گئے جن میں سے ایک کی لاش نکال لی گئی تاہم دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

ایک اور واقعے میں بارکھان رکنی میں دو قبائل کے آپسی تصادم کے نتیجے میں پائند خان نامی شخص ہلاک اور بیٹا زخمی ہوگیا۔

رکنی ایس ایچ او عبدالرحمان لونی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دریں اثناء ژوب میں موٹر سائیکل اور مسافر ویگن میں تصام کے نتیجے مین موٹر سائیکل سوار دو افراد ہلاک ہوگئے۔