طویل کشت و خون کے بعد طالبان و امریکہ کے درمیان امن معاہدے پہ آج دستخط ہوگا

310

 عارضی جنگ بندی کی کامیابی کے بعد امریکہ و طالبان کے درمیان  امن معاہدے پر آج قطر میں دستخط ہوں گے، معاہدے کے تحت امریکہ افغانستان سے اپنی افواج کو واپس بلائے گا، اور طالبان افغان سرزمین کسی اور ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کی ضمانت دیں گے۔

افغانستان میں امریکہ و طالبان اور افغان فورسز کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدہ ساتویں روز بھی کامیاب رہا۔ امریکہ اور طالبان کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد امن معاہدے پر دستخط کی تقریب دوحہ کے شیرٹن ہوٹل میں منعقد ہو گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور طالبان کی جانب سے دستخط ملا عبدالغنی برادر کریں گے، اسی ہوٹل میں افغان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا آخری دور ہوا تھا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ افغان عوام موقع سے فائدہ اٹھائیں، امن معاہدے سے نئے مستقبل کا موقع مل سکتا ہے، معاہدہ ہونے سے 19 سال سے زائد جنگ کے بعد افغانستان سے ہزاروں امریکی فوجیوں کا انخلاء ممکن ہوسکے گا جبکہ اس کے بدلے میں طالبان کی سیکیورٹی کے حوالے سے کئے گئے معاہدوں کی پاسداری کیساتھ ساتھ افغان حکومت کیساتھ مذاکرات کریں گے۔