گلالئی اسماعیل کے والد پروفیسر اسماعیل پشاور سے لاپتہ

485

پختون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم) کی رکن گلالئی اسماعیل کے والد  پروفیسر اسماعیل کو جمعرات کے روز نامعلوم افراد اپنے ساتھ گاڑی میں لے گئے ۔

گلالئ اسماعیل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ان کے والد کو پشاور ہائیکورٹ کے سامنے سے نامعلوم افراد ساتھ لے گئے ہیں

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین نے بھی الزام عائد کیا  ہے کہ پروفیسر اسماعیل کو پشاور ہائی کورٹ کے سامنے سے سیکیورٹی اداروں نے  اٹھایا ہے اور تاحال اسکا کوئی پتہ نہیں۔

تاہم ابھی تک کسی گروہ ، پولیس یا  سیکیورٹی اداروں نے  انہیں حراست میں لینے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ  خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والی گلالئی اسماعیل رواں برس مئی کے اواخر سے غائب تھیں جب اسلام آباد میں ایک بچی سے جنسی زیادتی اور اس کے قتل کے واقعے پر احتجاج کرنے پر ان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اس مقدمے میں گلالئی اسماعیل پر الزام عائد کیا گیا کہ اُنھوں نے ’اس واقعے کی آڑ میں لوگوں کو حکومت وقت اور فوج کے خلاف بھڑکایا ہے‘۔

اسکے ساتھ ساتھ رواں سال جولائی میں گلالئی اسماعیل اور اُن کے والدین کے خلاف ‘این جی اوز کی آڑ میں دہشت گرد تنظیموں اور ملک دشمن عناصر کی مالی معاونت کرنے’ کے الزام میں منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا گیا تھا۔