علی حیدر کامیاب ہوا – آکاش بلوچ

553

علی حیدر کامیاب ہوا

تحریر: آکاش بلوچ

دی بلوچستان پوسٹ

کمسن علی حیدر اپنے جہدو جہد میں کامیاب ہوا، علی حیدر اپنے والد سمیت بلوچستان سے لاپتہ ہزاروں افراد کے بازیابی کیلئے جدو جہد کرتے ہوئے آج لاپتہ کردیا گیا اور خود اپنے والد سمیت لاپتہ افراد کے لسٹ میں شامل ہوگیا۔ علی حیدر کی آنکھوں کے سامنے سے اس کے والد کو ریاستی اداروں کے اہلکاروں نے زیرو پوائنٹ اوتھل سے اغواء کیا اور اس دن کے بعد آج تک علی حیدر نے اپنے والد سمیت بلوچستان سے لاپتہ تمام افراد کے بازیابی کے لئے آواز بلند کی، گیارہ سال کے عمر میں سترہ سو کلو میٹر کا پیدل سفر کوئٹہ سے کراچی پھر اسلام تک طے کیا۔

کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد پریس کلبوں کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے علی حیدر والد کو ڈھونڈتے ڈھونڈتے کب بڑا ہوگیا شاید یہ علی حیدر خود بھی نہیں جانتا۔ علی حیدر انسانی حقوق کے تنظیموں سے اپنے والد کی بازیابی کی فریاد کرتے کرتے خود کسی کی آواز اٹھانے کی محتاج بن گیا۔

علی حیدر جانتا ہوگا کہ اس ریاست میں آواز اٹھانے والے خود لاپتہ کیئے جاتے ہیں، مگر وہ کبھی اس خوف میں خود کو مبتلا نا کرتے ہوئے اپنی زندگی، اس سفر میں وقف کر گیا تھا۔ وہ اس جدو جہد میں کامیاب ہوا جب تک خود تھا وہ نا تھکا نا رکا اپنی ہم سفروں کے ساتھ مل کر احتجاج کرتا رہا۔

لانگ مارچ میں جب ہم چند کلو میٹر شامل ہوئے تو دیکھا ایک کمسن بچہ ہر وقت ریڑی ہاتھ میں لیئے سفر پر سفر کرتا ہے نا تھکنے کا نام نا روکنے کا نام، ایک لمحے کے لیئے ٹرالی کسی اور کو دینے کا نا سوچا، علی حیدر کم عمری میں پہلے تو سترہ سو کلو میٹر پیدل اور کمزور کندھوں پر ٹرالی کا بوجھ لیتے سفر کرکے نا تھکا۔ یہ سب ایک جذبہ تھا، احساس تھا، جو کم عمری میں علی حیدر کو سب کرنے پر مجبور کررہا تھا۔

آج تو علی حیدر بہت کچھ سیکھ گیا تھا، وہ سب جانتے ہوئے بھی جہدو جہد کرتا رہا، اس امید کے ساتھ کہ میرے اس جہدو جہد سے اگر میرا والد بازیاب نہیں ہوتا شاید میرے اس جدو جہد سے کسی اور کا باپ، بھائی، بیٹا بازیاب ہو، یہ بھی میری کامیابی ہے۔ آج تک جدو جہد کرکے علی حیدر خود کامیاب ہوا، وہ علی حیدر تھا وہ زندان میں بھی اپنا جدو جہد کرتا رہیگا۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس مضمون میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔