کوئٹہ میں ماں بیٹی پر تیزاب پھینکنے کے محرکات سامنے آگئے۔

500

کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر ماں بیٹی پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کے اصل محرکات سامنے آگئے اور واقعے میں ملوث ملزمہ متاثرہ لڑکی کی چھوٹی بہن ہی نکلی جبکہ لڑکی کے دوست سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر 26 اکتوبر کو ایک خاتون  فرزانہ اور اس کی بیٹی کرن پر تیزاب پھینکے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں دونوں ماں بیٹی جھلس کر زخمی ہوگئیں تھیں۔

واقعے میں ملوث دو ملزمان فرار ہوگئے تھے تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات جاری رکھی اور گزشتہ روز تفتیش کے دوران موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے اعجاز نامی شخص کو گرفتار کیا۔

ملزم اعجاز کی گرفتاری کے بعد ساری حقیقت سامنے آئی کہ تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لڑکی کرن اور ملزم اعجاز کی شادی طے تھی۔

کرن کی چھوٹی بہن ارم، ملزم اعجاز کو پسند کرنے لگی تھی اور اسی نے ملزم کو خودکشی کی دھمکی دے کر اس کام پر اکسایا تھا۔

ملزمہ ارم نے اعجاز کو اپنی بہن کرن سے شادی نہ کرنے پر مجبور کیا اور اس کا چہرہ خراب کرنے کیلئے اس پر تیزاب پھینکوا دیا۔

ملزمان کے بیان کے مطابق ان کا ارادہ صرف بڑی بہن کو ڈرانا تھا جس کیلئے اعجاز نے اپنے ایک دوست عبداللہ کی مدد سے کرن اور اس کی والدہ پر تیزاب پھینکا۔

پولیس نے تیزاب پھینکنے والے نوجوان عبداللہ کو پہلے نوشکی سے اور بعد میں اس کی نشاندہی پر متاثرہ لڑکی کی چھوٹی بہن اور اس کے مبینہ دوست اعجاز کو بھی کوئٹہ کے نواحی علاقے سے گرفتار کیا۔