افغانستان: طالبان نے 170 مسافروں کو اغواء کرلیا

176

افغانستان کے صوبے تخار میں طالبان نے تقریباً 170 مسافروں کو اغوا کرلیا۔

خامہ پریس میں شائع رپورٹ کے مطابق افغانستان کے سیکیورٹی ڈائریکٹربرائے قندوز سیف اللہ مہزون نے تصدیق کی کہ ضلع خان آباد سے متصل ہائی وے کے پاس مسافروں کو اغوا کیا گیا۔

دوسری جانب کابل حکام کا دعویٰ ہے کہ افغان فورسز اغوا ہونے والے مسافروں کی بازیابی کے لیے آپریشن میں مصروف ہے۔

اس دوران سیکیورٹی ڈائریکٹر کے مطابق اغوا شدہ مسافر صوبہ کابل جارہے تھے جب انہیں طالبان نے اغوا کیا۔

اس ضمن میں انہوں نے مزید معلومات فراہم کرنے گریز کیا جبکہ مقامی ذرائع نے بتایا کہ تقریباً 170 لوگ 3 بسوں میں سفر کررہے تھے اور اسی دوران انہیں اغوا کیا گیا۔

واضح رہے کہ طالبان یا دیگر جنگجو تنظیموں کی طرف سے تاحال واقعہ سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

خامہ پریس کے مطابق طالبان کی جانب سے حکومت اور دیگر سیکیورٹی اداروں سے تعلق کے شبہہ میں مسافروں کو اغوا کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

قندوز میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں پر سکون ماحول تھا لیکن گزشتہ چند برس سے صوبے کے شمالی حصے میں امن کی صورتحال متاثر ہو رہی ہے۔