امریکا نے مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کو بلیک لسٹ کردیا

276

امریکا نے مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان سمیت سعودی عرب، چین، ایران، شمالی کوریا، برما، اریٹیریا، سوڈان، تاجکستان اور ترکمانستان کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کے الزام میں پچھلے سال پاکستان کو واچ لسٹ میں رکھا تھا تاہم اب امریکا نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بین الاقوامی ایکٹ برائے مذہبی آزادی 1998 کے تحت پاکستان سمیت سعودی عرب، چین، ایران، شمالی کوریا، برما، اریٹیریا، سوڈان، تاجکستان اور ترکمانستان کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔

امریکا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں سے روا سلوک پر پاکستان پر دباؤ بڑھانےکے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی مذہبی آزادی کا تحفظ ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کی ترجیح ہے۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے مذہبی آزادی کا تحفظ بے حد ضروری ہے، امریکا دیگر حکومتوں، سول سوسائٹی اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مل کر مذہبی آزادی کے لیےکام کرنے پر کاربند ہے۔

امریکا مذہبی آزادی سے متعلق ہرسال فہرست جاری کرتا ہے اور پاکستان اس فہرست میں برقرار رہا تو اس پر ممکنہ طور پر جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے۔