فوج کے کہنے پر بلوچستان کی حکومت گرائی تھی- خالد مگسی

1017

رکن پاکستان اسمبلی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء خالد مگسی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ ہم نے چار سال قبل فوج کے کہنے پر مسلم لیگ ن کی حکومت گرائی تھی۔

اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بلوچستان عوامی پارٹی نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر ایک صحافی مطیع اللہ جان نے سوال پوچھا کہ آپ نے چار سال قبل کس کے کہنے پر بلوچستان کی حکومت گرائی تھی؟ آج آپ اس بات کو تسلیم کریں گے۔

اس کا جواب دیتے ہوئے خالد مگسی کا کہنا تھا کہ ٹیڑھے سوال کریں گے تو ایسے ہی جواب ملیں گے۔ جب فوج سیاست میں مداخلت کرتی ہے تو پھر بھی آپ انھیں چین سے نہیں رہنے دیتے اور اگر آج وہ سائیڈ پر ہیں تو آپ انھیں معاف نہیں کر رہے۔ آپ ایسی بات رہنے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاں ہم نے چار سال قبل فوج کے کہنے پر بلوچستان کی حکومت گرائی تھی۔ اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مداخلت کی اور کہا کہ اس قسم کے سوالات نہ پوچھے جائیں۔