لہو
نوشت: مہر اس بلوچ
دی بلوچستان پوسٹ
شہدا کا لہو اور ان کی قربانیاں ہمارے پاس امانت ہیں، جسے ہمیں آگے منتقل کرنا ہے، مگر مکمل ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ، جس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ایک ادنیٰ سی غلطی، چاہے وہ شعوری طور پر کی گئی ہو یا غیر شعوری، کوئی بھی معمولی فیصلہ جو شہداء کے نظریے کے برعکس ہو، وہ ہمیں تاریخ اور آنے والی نسلوں کے سامنے نہ صرف جواب دہ بنا سکتا ہے بلکہ قومی مجرم بھی بنا سکتا ہے۔ بلوچ مزاحمت بلوچ پر فرض ہے، اس کا ایمان ہے، مگر ایمانداری اور قومی مخلصی کے ساتھ۔
بلوچ وسیع سرزمین کا مالک ہے۔ بلوچ قوم دنیا کے مختلف حصوں میں آباد ہے، خاص طور پر عرب امارات، یورپ اور امریکہ تک بلوچ آباد ہیں۔ موضوع سے مراد یہ ہے کہ بلوچ کی قومی شناخت تو موجود ہے، مگر بلوچ کی سرزمین بلوچستان قبضہ گیر اور پنجابی کے زیرِ تسلط ہے۔ اسے پنجابی آرمی یا پاکستان کی جانب سے نسل کشی کا سامنا ہے۔ بلوچ قوم اپنی ملکی طاقت سے محروم ہے۔ جب کوئی قوم اپنی سرزمین پر اپنی طاقت سے محروم ہو تو دنیا اس کی شناخت کی عزت نہیں کرتی، اس کا وجود تعارف کا محتاج رہتا ہے۔ اسی وجود کی حفاظت کے لیے، وطن کی آزادی کے لیے بلوچ اپنی جانوں کو نہ صرف قربان کر رہے ہیں بلکہ مسکراتے ہوئے پنجابی عقوبت خانوں میں دشمن کو للکار رہے ہیں۔ اپنے وطن کی آزادی کے لیے بلوچ کسی بھی حد تک جا پہنچا ہے، جو دشمن سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔
13 نومبر کا تاریخی پس منظر ایک شفاف آئینے کی طرح ہے۔ خان محراب خان نے انگریز قبضہ گیر کے سامنے اپنا سر جھکانے کے بجائے وطن پر قربان ہونے کو ترجیح دی، مگر بلوچ قوم کی تاریخ تو وطن پر مر مٹنے والوں سے بھری پڑی ہے۔ 1839 سے قبل بھی بلوچ اپنی تاریخی شناخت رکھتا ہے۔ بلوچ نے پرتگالی قوتوں کے خلاف بھی لڑ کر اپنے وطن کی حفاظت کی ہے۔ بلوچ ہزاروں سالوں سے اپنے وطن کی حفاظت کرتا آ رہا ہے، اپنی دھرتی ماں کے لیے خود کو فنا کرتا آ رہا ہے۔ بلوچ وطن نے اس دور کو بھی دیکھا ہے جب اس کے سپوت بنا کسی تنظیمی ڈھانچے کے، بنا کسی سیاسی پارٹی کے، اپنے وطن کے لیے شہید ہوئے ہیں۔ بلوچ شہدا کی تاریخ 1948 سے شروع نہیں ہوتی بلکہ شہدا کا دور اس وقت سے جنم لیتا ہے جب بلوچ نے اپنے وطن کی بنیاد بلوچستان رکھی ہو گی۔ اب بلوچ اس قدر قدیم قوم اور سرزمین کا مالک ہے کہ نہ تاریخ اس کے وجود سے انکاری ہے، نہ وقت۔ بلوچ سرزمین اور اس کی ارتقائی نشوونما پر تحقیق نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ پاکستانی لکھاریوں اور اس کے مصنفین آج بھی بلوچ کو زبردستی عرب بنانے پر تلے ہیں۔
اس پر بلوچ کو کوئی حیرانی نہیں، کیونکہ پاکستانی قبضہ گیر کا کام ہی مختلف طرزِ عمل پر ایسی غلط معلومات اور پروپیگنڈے پھیلانا ہے، جس سے بلوچ قومی شناخت متاثر ہو، اس کی تاریخ کو مسخ کرنے کی مختلف سازشیں ہوں۔ مگر بلوچ نے ان تمام سازشوں کو اپنی قربانیوں سے ناکام بنایا ہے۔ اس وطن نے ایسے شہدا اپنے سینے میں بسا رکھے ہیں جنہیں شاید ہم نہیں جانتے، ہم نہیں پہچانتے۔ ان کا نام، ان کا ذکر شاید نہ ہو، ان کی تصویریں بھی نہ ہوں، مگر وطن اپنے ان تمام سپوتوں کو پہچاننے کا ہنر رکھتی ہے، انہیں اپنے سینے سے لگائے رکھتی ہے۔ جب جب دھرتی پر پھول اپنی خوشبو لیے، اپنے رنگوں کے ساتھ مہک اٹھتے ہیں، وہ شہدا ہوتے ہیں جو کبھی چلتن کی وادی میں بہار بن کے لوٹ آتے ہیں یا وطن کے کسی اور دامن میں۔ ہم ان شہدا کو محسوس کرتے ہیں، وہ زندہ ہیں، اس دھرتی پر ہی رہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے جسموں کو بارود سے تباہ کرنے کا فیصلہ اس شرط پر کیا ہے کہ وہ ہمیشہ اس مٹی میں زندہ رہ سکیں، کوئی چاہ کر بھی انہیں اس مٹی سے جدا نہ کر سکے۔
جنگ تباہی ہے۔ بلوچ نے جنگ کا انتخاب اس لیے کیا ہے کہ خود کو تباہ کر کے آزادی حاصل کر سکے۔ ہماری شناخت اور قومی بقا کا وجود ہماری جنگی پالیسیز پر انحصار کرتا ہے، ادارہ جاتی تشکیل پر قائم رہ سکتے ہیں۔ ہم ہزاروں سالوں سے قومی زوال کا شکار اس لیے رہے ہیں کیونکہ ہم نے قومی عروج کے بارے میں کبھی سوچا ہی نہیں۔ ہم اپنے قبائلی وجود میں زندہ رہے ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے قومی سرحدوں کے وجود کے تحفظ کے بارے میں سوچا ہی نہیں۔ صرف کہہ دینا کافی نہیں ہوتا بلکہ قوم کو زندہ رکھنے کے لیے ملکی اداروں کا وجود اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ان کی شفافیت، انصاف، جمہوری طرزِ فکر، سیاسی پختگی اور مخلصی کام آتی ہے۔
دنیا ہماری سوچ سے زیادہ تاریخ رکھتی ہے۔ یورپی ممالک ہوں یا امریکہ، چین، دنیا کے ہر ملک کا ذکر کیا جائے تو وہاں بھی جہالت رہی ہو گی، قبائلی رنجشیں، آپسی جنگیں سالوں ہوتی ہوں گی، مگر آج وہ اپنے عروج میں زندہ ہیں۔ آج ہمارے شہیدوں کی قربانیوں کو دیکھا جائے تو ان کی قربانیاں بھی اپنے وطن کو زوال سے نکال کر قومی و ملکی عروج کی طرف جانے کا عمل ہیں۔ بلوچ نہ صرف اپنی ملکی آزادی حاصل کرے گا بلکہ اپنے وطن پر اپنی قومی اقتدار و طاقت حاصل کر کے اپنے مستقبل کو محفوظ بنائے گا۔
بلوچ قومی تحریک آج اپنے نئے دور میں داخل ہو چکی ہے۔ بی ایل اے اس وقت قومی تحریک میں ایک ادارہ جاتی ڈھانچہ (تنظیمی ڈھانچہ) اور جمہوری عمل کا حصہ بن چکی ہے۔ بی ایل اے کا آج اس مقام تک پہنچنے کا سفر بھی استاد اسلم اور ان ہزاروں شہیدوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ آج قومی تحریک کو نہ قبائلی طرز کی، نہ موروثی، نہ ایسی تنظیم کی ضرورت باقی رہی ہے جو نیپٹزم پر جھک جائے۔ بلوچ کو ایسے اداروں کی اشد ضرورت ہے جو شہیدوں کے خون سے انصاف کر سکیں۔ بلوچ قومی آزادی کی تحریک سے کوئی بالاتر نہیں، نہ کوئی شخص، نہ کوئی ادارہ۔ تحریک خود تمام اداروں سے بالاتر ہے۔ شہیدوں کے نظریے کا وارث بھی تحریک (قوم) خود ہے، اور تحریک اپنے ساتھ انہیں لے کر آگے چلے گی جو شہیدوں کے نظریے کے ساتھ انصاف و مخلصی رکھیں گے۔
بی ایل اے کے نئے کمانڈر انچیف رحمان گل عرف مرید کی سربراہی میں جنگ تیزی سے آگے بڑھنے کا امکان ہے، مگر بی ایل اے کی نہ صرف جنگی ذمہ داریاں بڑھ رہی ہیں بلکہ جمہوری ادارہ ہونے کے ساتھ اب وہ کن مسائل کو زیرِ غور لائیں گے، چاہے وہ سیاسی ہوں یا سفارتی و خارجی، اندرونی یا اتحادی۔
بلوچ کو دوراندیشی کا مظاہرہ کر کے پنجابی قبضہ گیر سے طاقت چھین کر اپنے ہاتھوں میں اپنی زمینی و سیاسی طاقت لینی ہے۔
دشمن نے ہمیشہ بلوچ کو آپس میں دست و گریباں کیا ہے۔ خود سے لڑوا کر ہم نے اپنا نقصان کیا ہے، مگر آج بلوچ پنجابی کی ہر چال کو سمجھ چکا ہے۔ بھلے ہی ہمارے سیاسی و غیر سیاسی ہزار اختلاف کیوں نہ ہوں، مگر آزادی پر بلوچ کا آپسی کوئی بھی اختلاف نہیں ہے۔ اس لیے اتحاد کا راستہ کبھی بند نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ:
شہدا کا لہو اور ان کی قربانیاں ہمارے پاس امانت ہیں، جسے ہمیں آگے منتقل کرنا ہے، مگر مکمل ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ، جس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ایک ادنیٰ سی غلطی، چاہے وہ شعوری طور پر کی گئی ہو یا غیر شعوری، کوئی بھی معمولی فیصلہ جو شہدا کے نظریے کے برعکس ہو، وہ ہمیں تاریخ اور آنے والی نسلوں کے سامنے نہ صرف جواب دہ بنا سکتا ہے بلکہ قومی مجرم بھی بنا سکتا ہے۔ بلوچ مزاحمت بلوچ پر فرض ہے، اس کا ایمان ہے، مگر ایمانداری اور قومی مخلصی کے ساتھ۔
بلوچ کو ایسے اداروں کی اشد ضرورت ہے جو شہیدوں کے خون سے انصاف کر سکیں۔ بلوچ قومی آزادی کی تحریک سے کوئی بالاتر نہیں، نہ کوئی شخص، نہ کوئی ادارہ۔ تحریک خود تمام اداروں سے بالاتر ہے۔ شہیدوں کے نظریے کا وارث بھی تحریک (قوم) خود ہے، اور تحریک اپنے ساتھ انہیں لے کر آگے چلے گی جو شہیدوں کے نظریے کے ساتھ انصاف و مخلصی رکھیں گے۔
دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔













































