وندر: بس ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا احتجاج چوتھے روز بھی جاری، کوسٹ گارڈ کے ناروا سلوک کے خلاف ریلی

1

وندر کے علاقے ناک کھارڑی کے مقام پر آل کوئٹہ،کراچی بس ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا پاکستان کوسٹ گارڈ کی چیک پوسٹوں پر ڈرائیوروں اور مسافروں کے ساتھ ناروا سلوک اور بلاوجہ تنگ کرنے کے خلاف احتجاج چوتھے روز بھی جاری رہا۔ اس سلسلے میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں ٹرانسپورٹرز اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے پاکستان کوسٹ گارڈ کی چیک پوسٹوں پر پیش آنے والی مشکلات اور ناروا سلوک کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے سمیت ٹرانسپورٹ برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ کوسٹ گارڈ کی چیک پوسٹوں پر ڈرائیوروں اور مسافروں کو بلاوجہ پریشان کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈرائیوروں اور مسافروں کے ساتھ ناروا سلوک کا سلسلہ فوری بند کیا جائے اور چیک پوسٹوں پر درپیش مسائل کا ازالہ کیا جائے۔

احتجاجی شرکاء نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ سے اپیل کی کہ آل کوئٹہ کراچی بس ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے انہیں فوری تسلیم کیا جائے اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی اور مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔