پاکستانی فورسز نے اسکول ٹیچر کو گزشتہ روز حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے پسنی سے آج مقامی انتظامیہ کو ایک لاش ملی ہے، جسے قتل کرنے کے بعد پھینک دیا گیا تھا۔ لاش کی شناخت مقامی اسکول ٹیچر کے طور پر ہوئی ہے۔
خاندانی ذرائع اور پسنی پولیس کے مطابق، پسنی سے ملنے والی لاش کی شناخت عربی نصاب کے استاد پرویز ولد مزار کے نام سے ہوئی ہے، جن کا آبائی تعلق ضلع کیچ کے علاقے پیدارک سے تھا اور وہ گورنمنٹ ہائی اسکول ببرشور میں استاد تھے۔
ذرائع کے مطابق ماسٹر پرویز مزار کو گزشتہ روز پاکستانی فورسز نے ان کے اہل خانہ کے سامنے حراست میں لے کر اپنے ہمراہ منتقل کردیا تھا، جس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکی تھیں۔
تاہم آج ماسٹر پرویز مزار کی لاش برآمد کرکے ان کے لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔



















































