بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مسلح افراد کی جانب سے فورسز پر حملے، شاہراہوں پہ ناکہ بندی اور گیس پائپ لائن کو نشانہ بنانے کے واقعات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مند کے علاقے کوہ ڈغار کے مقام پر زبیدہ جلال روڈ پر مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے اسنیپ چیکنگ کی۔ اسی دوران مند گواک میں پاکستانی فوج کی ایک چیک پوسٹ پر بھی مسلح افراد کی جانب سے حملے کی اطلاع ہے۔
دوسری جانب کیچ کے علاقے بلیدہ میں پاکستانی فوج کے کیمپ پر راکٹ حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق کیمپ پر B-12 راکٹ فائر کیے گئے، جو کیمپ کے اندر گرنے کے بعد زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے۔
ادھر بلوچستان کے علاقے روجان وستی میں میر ہزار خان کے مقام پر گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ ہونے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔
ان واقعات کے حوالے سے تاحال کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ ناہی واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔











































