اٹلی: سیاحوں کی بس کھائی میں گرنے سے 21 افراد ہلاک

133

اٹلی کے سیاحتی مقام پر بس کھائی میں گرنے سے 21 سیاح ہلاک ہوگئے ہیں-

جنوبی وسطی یورپی ملک اٹلی کے سیاحتی مقام وینس میں سیاحوں کو لے جانے والی بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر پُل سے نیچے جاگری جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 21 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کی شکار بس وینس سے مارگھیرا جارہی تھی اور ریلوے لائن پر بنے پُل پر تیز رفتاری کے باعث نیچے پٹڑی پر گر گئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس پل کی دیواروں کو توڑ کر بجلی کے تاروں پر پھنسی اور پھر پٹڑی پر گر گئی جس کے باعث بس میں آگ بھڑک اُٹھی، زیادہ تر ہلاکتیں جلنے کی وجہ سے ہوئیں۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں غیرملکی بھی شامل ہیں۔ 12 زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اٹلی پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والی کی شناخت کا عمل جاری ہے، حادثے کی ممکنہ وجہ تیز رفتاری ہوسکتی ہے یا بریک فیل ہونا بھی ہوسکتا ہے، تفتیش جاری ہے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

یاد رہے کہ اٹلی میں دنیا بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد سیر و تفریح کے لیے آتی ہے تاہم بس حادثات بھی عام ہیں، جولائی 2018 میں بھی 50 سیاحوں کو سیر کے لیے لے جانے والی بس کے حادثے میں 40 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔