پاکستان کے جی ایس پی پلس (GSP+) تجارتی مراعات کی معطلی سے متعلق پانک کی درخواست پر یورپی پارلیمنٹ کے ردِعمل کا خیرمقدم

1

بلوچ نیشنل موومنٹ کے انسانی حقوق کے شعبے، نے پاکستان کے جی ایس پی پلس تجارتی مراعات کی معطلی سے متعلق اپنی درخواست کو قابلِ سماعت قرار دیے جانے کے یورپی پارلیمنٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ یہ درخواست بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے تناظر میں دائر کی گئی تھی۔

یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے درخواستیں (PETI) نے درخواست نمبر 1730/2026 کو قابلِ قبول قرار دیتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال یورپی یونین کے دائرۂ کار میں آتی ہے۔
24 نومبر 2026 کو جاری کردہ خط میں کمیٹی نے تصدیق کی کہ درخواست کو معلومات کے لیے یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور اور ذیلی کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بھیج دیا گیا ہے۔ اس معاملے سے یورپی پارلیمنٹ کے جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کے لیے قائم وفد کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

پانک اس پیش رفت کو بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کے بحران کی عالمی سطح پر تسلیم شدگی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتا ہے۔ ہماری درخواست اور اضافی دستاویزات میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، تشدد، پُرامن احتجاج کو دبانے اور انسانی حقوق کے محافظوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کو تفصیل سے دستاویزی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ ان میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، سبغت اللہ شاہ اور سمی دین بلوچ سمیت انسانی حقوق کے کارکنوں کو درپیش مشکلات بھی شامل ہیں۔

ہم یورپی یونین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ٹھوس اقدامات اٹھائے اور پاکستان کو ان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ بنائے جو جی ایس پی پلس تجارتی مراعات کی بنیاد بننے والے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہیں۔
ہم یورپی کمیشن سے ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یورپی یونین کے جی ایس پی ضابطے کے آرٹیکل 19 کے تحت پاکستان کی جی ایس پی پلس حیثیت کو عارضی طور پر واپس لینے کا طریقۂ کار شروع کرے۔

پانک بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شواہد جمع کرنے اور انہیں بین الاقوامی اداروں کے سامنے پیش کرنے کا عمل جاری رکھے گا۔ ہم پاکستان کی جی ایس پی پلس حیثیت کے خلاف اپنی مہم کو اس وقت تک مزید تیز کرتے رہیں گے جب تک مؤثر احتساب اور بنیادی انسانی حقوق کے احترام کو یقینی نہیں بنایا جاتا۔
ہم یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے ہماری درخواست پر غور کیے جانے کو سراہتے ہیں اور یورپی یونین کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس اہم پیش رفت کو عملی اقدامات میں تبدیل کریں۔