بلوچستان کے مختلف علاقوں ماشکیل، مستونگ اور سوراب میں پاکستانی فورسز سے متعلق متعدد مسلح واقعات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں ماشکیل میں پاکستانی فوج کی ایک چوکی پر مسلح افراد کے حملے، مستونگ کے علاقے گرگینہ میں فورسز پر مسلح حملہ اور سوراب کے نغاڑ علاقے میں فضائی بمباری شامل ہے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز ماشکیل میں پاکستانی فوج کے 58 ونگ سے منسلک گوریندر پوسٹ کو مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور واقعے میں پاکستانی فوج کے آٹھ اہلکار ہلاک ہوئے۔
ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں نائک واحد، نائک مہتاب، نائک نوبت علی، حوالدار ناصر، لانس نائک مشتاق، لانس نائک انعام، سپاہی مزمل اور سپاہی دانیال شامل ہیں، جبکہ ایک اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
دوسری جانب مستونگ کے علاقے گرگینہ میں بھی پاکستانی فورسز کو مسلح افراد کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ فورسز پر اس وقت حملہ ہوا جب وہ علاقے میں پیش قدمی کی کوشش کررہے تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں کافی دیر تک فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
ادھر سوراب کے علاقے نغاڑ میں گزشتہ شب پاکستانی فوج کی جانب سے فضائی بمباری کی گئی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بمباری میں ایک مسجد اور بعض گھروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
واقعے کیخلاف مقامی افراد نے احتجاجاً مرکزی شاہراہ کو بند کردیا گیا جس پر فورسز نے مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔













































