کھڈکوچہ: 24 گھنٹوں سے جاری کرفیو، عوام شدید مشکلات سے دوچار

242

مستونگ کے تحصیل کھڈ کوچہ میں 24 گھنٹے سےجاری کرفیو کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ادویات، خوراک اور پینے کے پانی کا بندوبست کرنے سے قاصر روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔

یوسی چیئرمین میر عبداللطیف محمد حسنی نے بتایا کہ کرفیو کے باعث شہری بدترین پریشانی کا سامنا کررہے ہیں ، لہذا عوام کو اس ازیت سے نجات دلایا جائے۔

علاوہ ازیں نواب محمد خان شاہوانی نے اپنے ایک بیان میں محکمہ داخلہ کی جانب سے تحصیل کھڈکوچہ میں غیر معینہ مدت کے لیے نافذ کیے گئے کرفیو کو بلا جواز، عوام دشمن اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی اقدام قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھڈکوچہ کے پرامن عوام کو اجتماعی سزا دینا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ کرفیو کے باعث روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ علاقے کے باغات اور فصلیں تباہ ہو رہی ہیں۔ طلبہ کی تعلیم، مریضوں کی علاج معالجے تک رسائی، کاروباری سرگرمیاں اور عام شہریوں کی نقل و حرکت شدید متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلوں سے عوام میں بے چینی اور مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔