مستونگ، سوراب اور خاران میں فوجی آپریشن، خاتون زخمی

89

بلوچستان کے مختلف اضلاع مستونگ، سوراب اور خاران سے فوجی کارروائیوں، کواڈ کاپٹر حملوں اور جبری گمشدگیوں سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ کے علاقے دشت کمبیلا میں پاکستانی فوج نے کی جانب سے ایک رہائشی مکان کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔

ادھر ضلع سوراب کے علاقے نغاڑ میں فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی لی گئی جبکہ متعدد داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی بھی سخت کردی گئی۔

اسی دوران سوراب سے خلیل احمد ولد نور محمد سمیت دو افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی گرفتاری کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔

دوسری جانب ضلع خاران کے علاقے تازینہ میں آج صبح پاکستانی فوج کی جانب سے آپریشن کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مارٹر گولے فائر کیے گئے اور کواڈ کاپٹروں کا بھی استعمال کیا گیا۔

مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایک کواڈ کاپٹر حملے میں تین بکریاں ہلاک ہوئیں، تاہم کسی انسانی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اسی علاقے میں مسلح افراد نے ایک کارروائی کے دوران ایک کواڈ کاپٹر کو مار گرایا ہے، تاہم اس حوالے سے کسی سرکاری ذریعے نے تصدیق یا تردید نہیں کی۔