کوئٹہ: جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6183ویں روز بھی جاری

33

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ آج 6183ویں روز بھی جاری رہا۔

اس دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کرکے جبری گمشدگیوں کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ شرکاء نے کہا کہ جبری گمشدگیاں ایک سنگین انسانی اور آئینی مسئلہ ہیں، جن کے باعث متعدد خاندان برسوں سے کرب اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کے سلسلے کا فوری خاتمہ کیا جائے اور تمام لاپتہ افراد کو قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کیا جائے یا انہیں فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی حقوق کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جب تک جبری گمشدگیوں کا مسئلہ حل نہیں ہوتا اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا، ان کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام، سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ اس انسانی مسئلے کو اجاگر کرنے اور متاثرین کی آواز بننے میں اپنا کردار ادا کریں