وینیزویلا میں دو شدید زلزلوں کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جس نے دارالحکومت میں عمارتوں کو زمین بوس کر دیا اور ملک کے مرکزی ہوائی اڈے کو بند کرنا پڑا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے نے کہا ہے کہ ’زیادہ ہلاکتیں اور وسیع نقصان ممکن ہے اور یہ آفت غالباً بڑے پیمانے پر ہے۔‘ ابتدائی طور پر اندازہ لگایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے ایک لاکھ کے درمیان ہو سکتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا کہ وینیزویلا میں آنے والے دو زلزلوں نے ’تباہ کن تعداد میں ہلاکتیں کی ہیں۔‘ تاہم انہوں نے کوئی سرکاری اعداد و شمار پیش نہیں کیے۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں کہا کہ ’وینیزویلا کے عظیم عوام کو ابھی دو بڑے زلزلے نے متاثر کیا ہے، دونوں بڑے پیمانے پر ہیں اور انہوں نے تباہ کن تعداد میں ہلاکتیں کی ہیں۔‘
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے امریکی جیولوجیکل سروے کے حوالے سے بتایا کہ 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلے ایک ہی علاقے میں آئے، جن کے بعد 20 آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلوں نے دارالحکومت میں خوف و ہراس پھیلا دیا اور لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ 54 سالہ بینک ملازم اوڈالس سکالونا نے کہا کہ ’سیڑھیاں ٹوٹ گئیں، پوری دیوار میں دراڑیں پڑ گئیں۔ چھت سے چیزیں گرنے لگیں۔ یہ خوفناک تھا۔‘
وزیر داخلہ دیوسدادو کابیو نے کہا کہ ابھی تک ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہوئی، مگر کچھ افراد زخمی ہوئے اور عمارتیں گر گئیں۔ دارالحکومت کے آلٹامیرا محلے میں ایک 22 منزلہ عمارت کو مکمل طور پر تباہ دیکھا، جہاں لوگ اپنے عزیزوں کو آوازیں دے رہے تھے اور رضاکار ملبے پر چڑھ کر تلاش کر رہے تھے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پہلا زلزلہ، جس کا مرکز ساحلی قصبے مورون سے 21 کلومیٹر مغرب میں تھا، مقامی وقت کے مطابق بدھ کی رات تقریباً 10 بجے آیا۔ ایک منٹ کے اندر 7.5 شدت کا دوسرا زلزلہ تقریباً 45 کلومیٹر دور آیا۔ ’یہ زلزلہ ایک ڈبلٹ کا دوسرا واقعہ تھا۔ یہ 7.5 شدت کا مین شاک 39 سیکنڈ پہلے آنے والے 7.2 شدت کے فور شاک کے بعد آیا۔‘
وزیر داخلہ نے لوگوں کو گھروں سے نکلنے کو کہا اور بتایا کہ احتیاطاً کئی عمارتوں میں گیس کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔ ’کچھ متاثرہ ڈھانچے ہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ گیس سے کوئی حادثہ ہو۔‘
روڈریگیز نے کہا کہ جبکہ سوشل میڈیا پر ایئرپورٹ کی تباہ شدہ سہولیات کی تصاویر سامنے آئیں تو کاراکاس کے قریب واقع ماکیٹیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اس کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچنے کے باعث بند کر دیا گیا۔
22 کلومیٹر اور 10 کلومیٹر کی گہرائی پر آنے والے جھٹکوں نے کاراکاس کے ایک شاپنگ سینٹر میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔
دکاندار ہیدی رومیرو نے کہا کہ ’یہ ناقابل یقین تھا، مجھے نہیں معلوم یہ کتنی دیر تک رہا، ہم ایمرجنسی سیڑھیوں سے باہر نکلے۔‘
69 سالہ کارمین گوئیدیز اپنی بیمار بہن کے ساتھ کمرے میں تھیں جب انہوں نے جھٹکا محسوس کیا۔ ’یہ مزید طاقتور ہوتا گیا، میں نے کھڑکیوں کو حرکت کرتے دیکھا اور پھر سب کچھ ہلنے لگا۔‘
زلزلے کے جھٹکے کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا تک محسوس کیے گئے، جہاں الارم بجے اور کچھ رہائشیوں نے احتیاطاً عمارتیں خالی کر دیں۔ کولمبیا کے نیشنل سیسمولوجیکل نیٹ ورک کے کوآرڈینیٹر فریڈی تووار نے کہا کہ انہیں ملک بھر سے 200 سے زائد رپورٹس موصول ہوئیں۔
بدھ کو وینیزویلا میں زلزلوں کے فوراً بعد جاپان کے شمالی حصے میں 6.9 شدت کا زلزلہ آیا، تاہم وہاں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔



















































