سبی: ایئرپورٹ روڈ کے قریب پولیس افسر کی لاش برآمد

71

بلوچستان کے ضلع سبی میں ایئرپورٹ روڈ کے قریب ایک پولیس اہلکار کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) نہال خان ابڑو کے نام سے کی گئی ہے۔ وہ کچھی پولیس میں ملازم تھے اور گزشتہ تین روز سے لاپتہ تھے۔

ذرائع کے مطابق اے ایس آئی نہال خان ابڑو تین روز قبل ڈھاڈر سے سبی کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم راستے میں ڈھاڈر اور سبی کے درمیان ان کا موبائل فون بند ہو گیا، جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

اتوار کے روز سبی ایئرپورٹ روڈ کے علاقے سے ایک لاش برآمد ہوئی، جسے بعد ازاں نہال خان ابڑو کے طور پر شناخت کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق موت کی وجوہات اور واقعے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔