موسیٰ خیل: مسلح افراد کا تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ

1204
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں نامعلوم افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے مشینری کو نذرِ آتش کر دیا۔

حکام کے مطابق واقعہ سنیچر کی شب ضلع موسیٰ خیل سے تقریباً ایک سو کلومیٹر دور تحصیل درگ کے علاقے سیوئی راغہ میں پیش آیا۔

کمشنر سعادت حسن نے بتایا کہ ’درجن سے زائد افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کیا جو علاقے میں گیس اور تیل کی تلاش کرنے والی پی پی ایل گیس کمپنی کے کیمپ تک ایک سڑک کی تعمیر کر رہی تھی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں نے مزدوروں کو کیمپ اور مشینری چھوڑ کر جانے کا کہا تاہم بعد میں انہوں نے سامان جلا ڈالا۔

کمشنر کے مطابق ’سڑک کی تعمیر پر 17 مزدور کام کررہے تھے جن میں سے 13 رات کو ہی واپس پہنچ گئے تھے جبکہ باقی چار خوف کی وجہ سے چھپ گئے تھے جو اتوار کو صبح واپس آ گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے اغوا کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

موسیٰ خیل انتظامیہ کے ایک اور افسر نے بتایا کہ حملہ آوروں نے مجموعی طور پر سات بلڈزور اور ایک پک اپ گاڑی کو نذرِ آتش کیا۔