ڈیرہ بگٹی، پسنی: تین افراد جبری لاپتہ، ایک بازیاب

301

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے پاکستانی فوج نے تین افراد کو جبری طور پر لاپتہ کردیا جبکہ پسنی سے جبری لاپتہ ایک نوجوان بازیاب ہوگیا۔

ڈیرہ بگٹی سے مزید تین نوجوان جبری طور پر لاپتہ کئے گئے۔ رواں ہفتے دس کے قریب افراد کی جبری لاپتہ ہونے کی کیسز سامنے آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فورسز نے سیوا ولد کلیری بگٹی ، بازو ولد رحمت بگٹی، سندر ولد رحمت بگٹی کو ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے رائیس توخ سے جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے۔

رواں ہفتے پاکستانی فورسز نے بازو ولد مہران بگٹی، نظر علی ولد بژیر بگٹی، نوراللہ ولد سیدھان بگٹی، علی جان ولد توشو بگٹی، غلام مصطفی ولد مہر علی بگٹی، میر احمد بگٹی اور نظر محمد بگٹی کو گرفتاری کے بعد لاپتہ کیا ہے۔

دریں اثناء بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے تحصیل پسنی سے لاپتہ ہونے والا نوجوان ناصر دودا بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ دودا کے والد ناصر’ بلوچ نسل کشی اور جبری گمشدگیوں کے خلاف لانگ مارچ میں شریک ہیں ۔

دودا ناصر کو رواں سال نومبر کو پسنی سے پاکستانی فورسز نے گرفتاری کے بعد لاپتہ کردیا تھا۔