بلوچستان میں بارشوں سے اموات کی تعداد 14 ہوگئی، 332 مکانات مکمل تباہ ہوئے ۔ پی ڈی ایم اے

256

بلوچستان میں مون سون بارشوں سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے ،بلوچستان میں بارشوں کے باعث ہونے والے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی۔

بلوچستان میں مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے محکمہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق لورالائی میں 2 بچوں کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے بعد بلوچستان میں مون سون بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق لورالائی میں3، ژوب اور نصیر آباد میں 2،2 افراد ہلاک ہوئے ، آواران ، قلعہ سیف اللہ ،خضدار ، ڈیرہ بگٹی ، پشین ،کیچ اور جھل مگسی میں بارشوں کے باعث ایک ایک ہلاکت ہوئی ۔

بارشوں سے صوبے میں 14افراد زخمی بھی ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں سے صوبے میں 332 مکانات مکمل اور 334جزوی طور پر تباہ ہوئے ۔ اس کے علاوہ صوبے میں 8 کلو میٹر روڈ بہہ گیا جبکہ 320 سولر پلیٹس کو نقصان پہنچا۔