کیچ: فورسز کے ہاتھوں چار نو عمر بچے جبری لاپتہ

487

بلوچستان کے ضلع کیچ سے پاکستانی فورسز نے چار افراد کو جبری گمشدگی کی شکار بناکر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

لاپتہ ہونے والوں میں عبداللہ، شے مرید ، فتح اور مسلم ولد عارف شامل ہیں۔

لاپتہ ہونے والوں میں عبداللہ، شے مرید، فتح کو تعلیمی چوک تربت سے اور مسلم کو کیچ کے تحصیل بلیدہ زومدان سے حراست میں لیا گیا ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق تربت سے لاپتہ ہونے والوں کو سیکورٹی فورسز نے اورسیز کالونی تربت سے گذشتہ روز حراست بعد لاپتہ کردیا ہے۔

تینوں طالب علم ہیں جن میں 15 سالہ عبداللہ ولد عبدالرحمن ماڈل اسکول تربت کے طالبعلم ہیں اور میٹرک کا امتحان اسی سال دے چکے ہیں، 13 سالہ شے مرید ولد مختار سکنہ گلی بلیدہ ساچ اسکول میں زیر تعلیم ہیں ان کی عمر 13سال ہے جبکہ 10 سالہ فتح ولد معیار سکنہ چیرمین بازار کوچہ بلیدہ بھی ساچ اسکول گلی بلیدہ میں زیر تعلیم ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق اغواء ہونے والوں کی عمریں پندرہ سال سے زیادہ نہیں ہیں انہیں اس طرح اغوا کرنا سمجھ سے بالاتر ہے لہذا انہیں فوری طورپر رہا کرکے خاندان کی اذیت دور کی جائے۔

دوسری جانب بلیدہ سے بھی اطلاعات ہیں کہ پاکستان فورسز نے بلیدہ کے علاقے زومدان اور چیئرمین رحمان بازار میں چھاپہ مارکر، زومدان سے ایک کمسن ببچے مسلم ولد عارف کو شدید تشدد کا نشانہ بناکر لاپتہ کردیا ہے۔