پاکستان اپنی سرزمین انتہا پسند حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے: امریکہ بھارت کا مشترکہ بیان

125

امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین انتہا پسند حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔

دونوں رہنماؤں کی جمعرات کو ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق صدر بائیڈن اور وزیرِ اعظم مودی نے سرحد پار دہشت گردی اور دہشت گرد پراکسیز کے استعمال کی شدید مذمت کی اور پاکستان سے اس بات کو یقینی بنانے کےلیے فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا کہ اس کے زیرِ کنٹرول کوئی بھی علاقہ دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال نہ ہو۔

مشترکہ بیان کے مطابق صدر بائیڈن اور وزیر اعظم مودی نے القاعدہ، داعش، لشکرِ طیبہ، جیش محمد اور حزب المجاہدین سمیت اقوامِ متحدہ کی فہرست میں شامل تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے بائیڈن اور مودی نے ممبئی حملوں اور پٹھان کوٹ حملوں کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

سال2016 میں بھارت کے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے میں بھارت کےسات سیکیورٹی اہلکار مارے گئے تھے۔

واضح رہے کہ جوہری ہتھیاروں سےمسلح پڑوسی ملکوں بھارت اور پاکستان کے تعلقات برسوں سے کشیدہ ہیں۔ 1947 میں برصغیر پاک و ہند میں برطانوی نوآبادیاتی حکمرانی کے خاتمے کے بعد سے دونوں ملک تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان دو جنگیں مسلم اکثریتی کشمیر پر ہوئی ہیں جس کے پورے حصے پر دونوں ہی کادعویٰ ہے لیکن کشمیر جزوی طور پر دونوں ملکوں کے زیرِ انتظام ہے۔

بھارت برسوں سے پاکستان پر ان مسلم عسکریت پسندوں کی مدد کرنے کا الزام لگاتا رہا ہے جو 1980 کی دہائی کے اواخر سے بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر کے حصے میں بھارتی سکیورٹی فورسز سے برسرپیکار ہیں۔ پاکستان اس الزام کی تردید کرتا ہے اس کا مؤقف ہے کہ وہ حقِ خود ارادیت کے خواہاں کشمیریوں کی صرف سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے۔

بھارت نے ریاست جموں و کشمیر کو دی گئی خصوصی حیثیت کو 2019 میں اس وقت منسوخ کر دیا تھا جب نئی دہلی نے اسے وفاق کے زیر کنٹرول دو علاقوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ پاکستان اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتا ہے اور اسے واپس لینے پر زور دیتا ہے۔

بھارت کے اس فیصلے کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات میں کمی آئی ہے۔