ٹوئٹر کی مفت بلیو ٹک سروس ختم،کئی شخصیات ویریفائیڈ اکاؤنٹ سے محروم

206

معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو، اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سمیت کئی شخصیات اور اداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بلیو ٹک غائب ہوگیا۔

ٹوئٹر پر بلیو ٹک کے ذریعے صارف کے اکاؤنٹ کی تصدیق کی جاتی تھی کہ یہ اکاؤنٹ جعلی نہیں بلکہ اصلی ہی ہے تاہم اب یہ بلیو ٹک صارفین کے ویریفائیڈ اکاؤنٹس سے غائب ہونا شروع ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن جن کے ٹوئٹر فالوورز کی تعداد 48 ملین سے زیادہ ہے جبکہ بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان جن کے ٹوئٹر پر 43 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں وہ بھی ٹوئٹر کے ویریفائیڈ اکاؤنٹ سے محروم ہوگئے۔

ویریفائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کسی جادو کی وجہ سے غائب نہیں ہورہا بلکہ یہ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک کی ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس کے تحت ہٹائے جارہے ہیں۔

ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد مفت بلیو ٹک پروگرام کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے اکاؤنٹ کو ویریفائیڈ کرانے کا عمل ماہانہ فیس سے مشروط کر دیا تھا۔

ایلون مسک نے نومبر 2022 کے شروع میں ٹوئٹر بلیو سروس کو متعارف کرایا تھا مگر سبسکرپشن پلان متعارف کرانے کے بعد معروف شخصیات اور اداروں کے ناموں کے جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی تھی جس کے بعد اسے معطل کردیا گیا

ٹوئٹر کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے بعد گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ یکم اپریل سے دنیا بھر سے صارفین کے اکاؤنٹس سے legacy بلیو ٹک کو ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ، بلیو ٹک کو برقرار رکھنے کے لیے ٹوئٹر بلیو پر سائن اپ ہونا ہوگا۔

اسی طرح کی پیشکش کمپنیوں یا اداروں کو بھی کی جائے گی۔