بلوچستان ایک شخص لاپتہ ، ایک بازیاب

242

بلوچستان میں جبری طور پر لاپتہ کیے جانے کا تسلسل تھم نہ سکا۔ ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے رات گئے ایک نوجوان لاپتہ کردیا گیا۔

لاپتہ ہونے والے نوجوان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ کل رات 3 تین بجے کو پاکستانی فورسز نے محمد جان ولد حکیم بلوچ کو انکے گھر سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ۔

اہلخانہ کے مطابق نوجوان تاحال لاپتہ ہے انہوں نے حکام بالا سے فوری بازیابی کی اپیل کی ہے۔

دریں اثنا بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے لاپتہ ہونے والے براہوئی زبان کے شاعر خواجہ مزمل قمبرانی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز اور انکی لواحقین نے بازیابی کی تصدیق کی ہے۔

‎خیال رہے کہ خواجہ مزمل براہوئی زبان کے معروف شاعر اور کوہ پیماء ہیں انہیں 26 فروری کو پاکستانی فورسز نے کلی قمبرانی کوئٹہ میں واقع انکے گھر سے حراست میں لیکر لاپتہ کیا تھا۔